ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / یڈیورپا اور ایشورپا جھوٹوں کے سردار: سدرامیا

یڈیورپا اور ایشورپا جھوٹوں کے سردار: سدرامیا

Tue, 04 Apr 2017 01:04:21    S.O. News Service

بنگلورو:3/اپریل(ایس او  نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپااور کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا کو سب سے بڑے جھوٹے قرار دیا ہے۔ آج صبح گنڈل پیٹ تعلقہ کے چکاٹی دیہات میں انتخابی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ ایشورپا کے پاس دماغ ہی نہیں ہے، اسی لئے یہ ووٹروں کے سامنے بھی بیہودہ الزمات لگانے سے باز نہیں آتے یڈیورپا اور ایشورپا کے جھوٹ کی کوئی انتہا نہیں ہے۔بارہا اس کا ثبوت سامنے آچکا ہے، لیکن انہیں یقین ہے کہ ووٹرس ان کے جھوٹ کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ مثبت انداز سے سوچ سمجھ کر ووٹرس فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے وزرائے اعلیٰ کو یہ وہم تھاکہ چامراج نگر کا دورہ کریں گے تو ان کی کرسی چلی جائے گی، بارہا انہوں نے چامراج نگر کا دورہ کرکے اس وہم کو جھوٹا ثابت کیا ہے، بحیثیت وزیر اعلیٰ وہ چار مرتبہ چامراج نگر کا دورہ کرچکے ہیں اور آئندہ بھی آتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ خود یڈیورپانے بحیثیت وزیر اعلیٰ چامراج نگر کا دورہ نہیں کیا اور جب دورہ کیاتو ان کا اقتدار جاتا رہا، وزیراعلیٰ نے کہاکہ توہم پرستی کو انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی جگہ نہیں دی ہے۔ آج سماج سے توہم پرستی کے ان بے بنیاد اصولوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ سدرامیا نے کہاکہ ایشورپا کی یہ خواہش ہے کہ ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ دونوں حلقوں میں بی جے پی ہار جائے، مگر کیاکریں بیچارے مجبوراً بول نہیں سکتے، یڈیورپااور ایشورپا میں بالکل نہیں بنتی، بارہا ان دونوں کے جھگڑے سڑکوں پر آچکے ہیں، اب محض سیاسی فائدہ کیلئے یہ دونوں عوام کو گمراہ کرنے ایک ساتھ آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یڈیورپا کے کسی بھی بیان کی کوئی اخلاقی حیثیت ہی نہیں ہے، اقتدار پر رہتے ہوئے رشوت خوری کے الزام میں جیل کی ہوا کھاچکے یڈیورپا اب اگر اخلاقیات کی باتیں کریں تو یہ بھوت کی زبان سے بھگوت گیتا کے مترادف ہے۔ رشوت خوری کا قومی ریکارڈ قائم کرنے والے یڈیورپا کی زبان سے اب دیانتداری کی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ اس طرح کی باتیں کرتے ہوئے خود یڈیورپاکو شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں حلقوں میں کانگریس امیدواروں کی جیت میں کوئی شبہ نہیں ہے، اس کے ساتھ ہی آنے والے اسمبلی انتخابات میں بھی کانگریس ہی ریاست کے اقتدار پر اپنا قبضہ برقرار رکھے گی، اس موقع پر وزیراعلیٰ کے ہمراہ وزیر ایم بی پاٹل، رکن کونسل ایچ ایم ریونا، کانگریس امیدوار گیتا مہادیو پرساد، اور دیگر موجودتھے۔


Share: